ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر اعظم گورکھپور میں 22جولائی کو ایمس کا سنگ بنیادرکھیں گے:موریہ

وزیر اعظم گورکھپور میں 22جولائی کو ایمس کا سنگ بنیادرکھیں گے:موریہ

Thu, 14 Jul 2016 18:29:40  SO Admin   S.O. News Service

گورکھپور، 14؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ 22؍جولائی کو گورکھپور میں ایمس کا سنگ بنیاد اور تین دہائیوں سے بند پڑی کھاد فیکٹری کے بحالی کے کام کی شروعات کریں گے۔بی جے پی کی اترپردیش اکائی کے صدر کیشو پرساد موریہ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں بتایا کہ وزیر اعظم آئندہ 22؍جولائی کو گورکھپور میں ایمس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی گزشتہ تقریبا تین دہائیوں سے بند پڑی کھاد فیکٹری کی بحالی کے کام کی بھی شروعات کریں گے۔اتر پردیش کی سماج وادی پارٹی حکومت کو قانون وانتظام کے محاذ پر گھیرتے ہوئے موریہ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مظفرنگر فسادات کے بعد متھرا کے جواہرباغ میں گزشتہ 2 ؍جون کو پولیس اور فسادیوں کے درمیان ہوئی خونیں جھڑپ کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات شروع کرائی ہے، جو مضحکہ خیز ہے۔انہوں نے جواہرباغ سانحہ، کیرانہ سے ہندوؤں کی مبینہ نقل مکانی اور2013میں ہوئے مظفرنگر فسادات کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا۔موریہ نے کہا کہ ریاست میں پوری طرح سے جنگل راج ہے اور پولیس اہلکار تک محفوظ نہیں ہیں۔ایس پی حکومت میں 150سے زیادہ پولیس افسران کا قتل ہوا اور تقریبا 1500پولیس اہلکاروں سے مارپیٹ کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خود ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو بھی اپنے بیٹے اکھلیش کے دور حکومت میں زمینوں پر ہورہے غیر قانونی قبضے اور غنڈہ گردی کے معاملات کو لے کر فکر مند ہیں۔آئندہ اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کا صفایا ہو جائے گا اور بی جے پی کی مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنے گی۔اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے وزیر اعلی کے عہدے کے امیدوار کے بارے میں پوچھے جانے پر موریہ نے کہا کہ پارٹی ہی اس بارے میں طے کرے گی، لیکن یقینی طور پر بی جے پی کا کوئی زمینی کارکن ہی وزیر اعلی کے عہدے کا امیدوار ہو گا ۔


Share: